لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت رواں سال 3 لاکھ سے زائد خاندانوں کو قرضے فراہم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے تاریخی منصوبہ “اپنی چھت اپنا گھر” کے تحت کارکردگی میں نمایاں پیشرفت سامنے آئی، جس کے تحت اب تک 2 لاکھ 15 ہزار سے زائد خاندانوں کے لیے سستے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔
صوبائی وزیرِ ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیرِ صدارت انعقاد پذیر ہونے والے اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت مستحق شہریوں کو 273 ارب روپے کی رقم فراہم کرنے کا ہندسہ کامیابی سے عبور کر لیا گیا ہے۔
وزیرِ ہاؤسنگ نے تفصیلی آمار و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 1 لاکھ 22 ہزار گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، جبکہ مزید 57 ہزار 500 گھروں کی تعمیر رواں سال ہی مکمل کر لی جائے گی۔
پروگرام کے آن لائن پورٹل پر شہریوں کی جانب سے زبردست ردِعمل دیکھا گیا ہے اور درخواست گزاروں کی تعداد 16 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکومت کا ہدف ہے کہ رواں سال مجموعی طور پر 3 لاکھ سے زائد خاندانوں کو بلا سود اور آسان اقساط پر قرضے فراہم کیے جائیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جیسے ہی کسی بھی درخواست گزار کے قرض کی منظوری کا مرحلہ مکمل ہوگا، متعلقہ شہری کو بلا تاخیر کال کر کے مطلع کیا جائے گا تاکہ رقم کی منتقلی کا عمل مزید شفاف اور تیز تر بنایا جا سکے۔

