لاہور : وفاقی وزیر چوہدری سالک نے مریم نواز کی جانب سے بھجوایا گیا قانونی نوٹس موصول ہونے کے بعد جلد جواب دینے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کرپشن کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے درمیان سیاسی و قانونی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا۔
وفاقی وزیر نے مریم نواز کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔
چوہدری سالک کا کہنا تھا کہ “قانونی نوٹس مل گیا ہے اور اس کا جلد قانونی جواب جمع کرا دیا جائے گا۔”
انہوں نے اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے مزید کہا کہ “شفافیت کبھی بھی بند دروازوں کے پیچھے نہیں ہونی چاہیے۔”
یاد رہے وفاقی وزیر نے نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں پنجاب حکومت اور صوبے میں جاری کرپشن کا ذکر کیا تھا، جس پر شدید سیاسی ردعمل سامنے آیا۔
صوبائی حکومت پر کرپشن کے الزامات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چوہدری سالک کو کٹہرے میں گھسیٹنے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں باقاعدہ قانونی نوٹس بھجوایا تھا۔

