وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب وژن کے تحت شہر میں صفائی کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس کی صدارت وزیراعلیٰ کے مشیر شعیب مرزا اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے کی۔
اجلاس میں سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی سی ای اوز ایل ڈبلیو ایم سی اور زونل منیجرز نے شرکت کی۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے اجلاس کو شہر میں جاری صفائی آپریشن، ویسٹ کلیکشن اور انفورسمنٹ اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں ایل ڈبلیو ایم سی سٹاف کی حاضری اور صفائی انتظامات کی انفورسمنٹ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے پر زور دیا گیا۔ مشیر وزیراعلیٰ شعیب مرزا نے ہدایت کی کہ عارضی کلیکشن پوائنٹس کی روزانہ کلیئرنس ہر صورت یقینی بنائی جائے اور آئندہ فالو اپ اجلاس تک تمام نشاندہی شدہ خامیوں کو دور کیا جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سالڈ ویسٹ کلیکشن کے لیے انفورسمنٹ کارروائیاں جاری ہیں جبکہ اینٹی لٹرنگ بائیکرز اسکواڈ بھی فیلڈ میں سرویلنس کر رہا ہے۔ فیلڈ سرویئرز سائٹس کی مکمل نشاندہی اور آبزرویشنز کی رپورٹنگ کے لیے متحرک ہیں۔
تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی اپنی تحصیلوں میں صفائی انتظامات اور سامنے آنے والی خامیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
مشیر وزیراعلیٰ شعیب مرزا نے ناقص کارکردگی پر ڈپٹی سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی ساؤتھ کو تبدیل کرنے کی ہدایت کی، جبکہ فرائض میں غفلت پر ایک ٹاؤن منیجر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
شعیب مرزا نے کلیئرنس آپریشن مؤثر انداز میں نہ کرنے والے کنٹریکٹرز پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی سٹاف کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے اور فیلڈ میں اینٹی لٹرنگ اسکواڈ اور بائیکرز کی سرویلنس مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
مشیر وزیراعلیٰ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ عارضی کلیکشن پوائنٹس کی روزانہ کلیئرنس ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ شہر میں صفائی کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔

