اسلام آباد (1 ستمبر 2026): اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی آئیسکو نے صارفین کو بجلی کی سپلائی معطل کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے وضاحت جاری کر دی۔
آئیسکو کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں مختلف مقامات اور گھروں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر سیفٹی کے پیش نظر کچھ فیڈرز پر بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل ہے۔
وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ اس اقدام کا مقصد صارفین کو کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے محفوظ رکھنا ہے، آئیسکیو انتظامیہ متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسلادھار بارش
واضح رہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی جس کے باعث اسپل ویز کھول دیے گئے۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح سترہ سو اکیاون فٹ تک ریکارڈ کی گئی جس کے بعد اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا، ریسکیو ون ون ٹو ٹو، پولیس اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

