راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث واسا راولپنڈی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ رین ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے مطابق واسا، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور میونسپل کارپوریشن سمیت تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ایم ڈی واسا نے بتایا کہ نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد سمیت مختلف نشیبی علاقوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی اور شہر بھر کے نالوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 27 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 21 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پانی کی سطح میں اضافے کے پیش نظر نالہ لئی کے اطراف سائرن بھی بجا دیے گئے ہیں تاکہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔

