اسلام آباد (27 اگست 2026): پاکستان اور کویت کے تعلقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، دونوں ممالک نے پروٹوکول معاہدہ 2026 پر دستخط کر دیے۔
پاکستانی وزارت دفاع کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف سے کویتی ہم منصب شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح اور چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد دارج سعد الشریعان کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔
ترجمان نے بیان میں بتایا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعلقات اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر پروٹوکول معاہدہ 2026 پر دستخط کیے گئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ پروٹوکول معاہدہ 2026 سے پاکستان اور کویت 2023 کے دفاعی تعاون معاہدے کے تحت فوجی تعاون کا فریم ورک مزید مضبوط ہوگا، اس کے تحت پاک فوج کویت کی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی جس میں استعدادکار میں اضافے اور سرحدی انتظام سمیت دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طے شدہ شعبے شامل ہیں۔
ترجمان وزارت دفاع کے مطابق پاکستان اور کویت نے دفاعی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، پروٹوکول معاہدہ پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کا عکاس ہے، دونوں ممالک کے دفاعی تعاون سے باہمی سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کو فروغ ملے گا۔

