پنجاب میں 221 ارب 90 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کا طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا ہے۔
ترقیاتی فنڈز کے لیے ہر کیس صوبائی کابینہ میں پیش کرنے کی شرط ختم کر دی گئی ہے، جبکہ او ڈی پی فنڈنگ کے رہنما اصولوں کی شق 4 حذف کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
نئے طریقہ کار کے تحت فنڈز اب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی سفارش پر جاری کیے جا سکیں گے، جبکہ خودمختار اداروں اور سرکاری کمپنیوں کو کیس ٹو کیس کابینہ کی منظوری سے استثنیٰ مل گیا ہے۔
جن اداروں کے بورڈ موجود نہیں، ان کے متعلقہ محکمے درخواستیں براہِ راست پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو بھجوائیں گے۔
مالی سال 2026-27 میں دیگر پروگرام سرمایہ کاری کے لیے 221 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال 233 ارب 40 کروڑ روپے کی 29 او ڈی پی سکیمیں شامل تھیں۔
رواں مالی سال 23 او ڈی پی سکیموں کے لیے صرف 23 لاکھ روپے کی ٹوکن رقم رکھی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس فیصلے سے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز بروقت جاری کیے جا سکیں گے۔

