ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کے بینک اکاؤنٹس کا ڈیٹا چوری کرکے لاکھوں روپے ہتھیانے والے مبینہ گینگ کو گرفتار کرلیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ملک سکندر کے مطابق گرفتار ملزمان میں بینک کا آفیسر عبداللہ بھی شامل ہے۔ ملزم سکندر ایسے افراد کا ڈیٹا تبدیل کرتا تھا جو طویل عرصے سے اپنے بینک اکاؤنٹس استعمال نہیں کر رہے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان نے شہریوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات چوری کرکے نئے کریڈٹ اور اے ٹی ایم کارڈز تیار کیے۔ ایک بینک سے 178 افراد کا ڈیٹا چوری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ چوری شدہ ڈیٹا کے ذریعے ملزمان اب تک ایک کروڑ روپے سے زائد رقم ہتھیا چکے تھے۔
حکام کے مطابق بینک افسر عبداللہ کی نشاندہی پر اس کے دو ساتھی عاطف اور عمران کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 90 لاکھ روپے نقد اور درجنوں اے ٹی ایم و کریڈٹ کارڈز برآمد کرلیے گئے۔

