محکمہ داخلہ پنجاب میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
صوبائی وزیر اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق سے اہلِ سنت تحفظ ناموس رسالت کے وفد نے ملاقات کی، جس میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کے انتظامات اور صوبے میں مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علماء کے وفد کی قیادت چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب نعیمی نے کی۔ ملاقات میں سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ڈی آئی جی سپیشل برانچ سجاد منج، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی جویریہ مقبول، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو عبدالرؤف اور ایس ایس پی آپریشنز پنجاب سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔
وفد میں پرنسپل دارالعلوم محمدیہ غوثیہ احسان الحق صدیقی، جامعہ نعیمیہ سے مفتی محمد عمران حنفی، جامع نعیمیہ رضویہ سے مفتی محمد عمران الحسن فاروقی، سنی تحریک سے سردار محمد طاہر ڈوگر، محافظان ختم نبوت پاکستان کے ذوالفقار مصطفیٰ ہاشمی، ناظم اعلیٰ جامعہ کریمیہ محمد عبداللہ ثاقب، سیکرٹری جنرل تحفظ ناموس رسالت محاذ مولانا محمد علی نقشبندی، پیر معاذ المصطفیٰ قادری، تنظیمات اہل سنت سے محمد عثمان قادری اور ناظم اعلیٰ جماعت اہل سنت ممتاز احمد ربانی بھی شامل تھے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب نے جشن عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ پنجاب میں قیام امن کے لیے علماء کرام کا کردار کلیدی ہے اور پاکستان کی سلامتی کے لیے تمام مکاتب فکر کو اختلافات سے بالاتر ہوکر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ علماء کرام قیام امن کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ جشن عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب نعیمی نے اتحاد بین المسلمین کے لیے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔ ملاقات کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، سلامتی، خوشحالی اور قیام امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

