پنجاب پولیس میں 3565 کانسٹیبلز، لیڈی کانسٹیبلز اور ٹریفک اسسٹنٹس کی بھرتی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جبکہ آئی جی پنجاب نے بھرتیوں پر عائد پابندی میں نرمی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو سمری ارسال کر دی ہے۔
سمری کے مطابق پنجاب پولیس کو ہیومن ریسورس کی شدید کمی کا سامنا ہے اور موجودہ صورتحال میں ایک کانسٹیبل پر 940 افراد کا بوجھ ہے، جبکہ پولیس رولز کے مطابق ایک کانسٹیبل 450 افراد کے لیے ہونا چاہیے۔
سمری میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً 12 کروڑ 70 لاکھ آبادی والے پنجاب میں پولیس پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے، اس لیے کانسٹیبلز اور لیڈی کانسٹیبلز کی 3565 خالی آسامیوں پر فوری بھرتی کی منظوری دی جائے۔
دستاویز کے مطابق ہر سال ریٹائرمنٹ، وفات یا برخاستگی کے باعث 3 سے 4 ہزار کانسٹیبلز کی آسامیاں خالی ہو جاتی ہیں، جبکہ نئی بھرتیوں سے حکومت پر کوئی اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا اور تمام اخراجات موجودہ بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب نے سمری میں کیبنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی سے منظوری کی سفارش بھی کی ہے، جس کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں بھرتیوں کا عمل شروع کیا جائے گا۔

