کراچی (18 اگست 2026): سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ پر اظہار تشویش کیا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا میں نے میڈیکل رپورٹس کئی ماہر ڈاکٹروں کے ساتھ دیکھی اور تفصیلی بات کی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی میڈیکل رپورٹس تشویش ناک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں بے چینی، ذہنی دباؤ، دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی اور بلند فشارِ خون کا ذکر ہے، عمران خان کی صحت پر 3 سال کی قید اور تنہائی نے گہرا اثر ڈالا ہے۔
عارف علوی نے ٹویٹ میں بانی پی ٹی آئی کے لیے کئی میڈیکل ٹیسٹ بھی تجویز کیے ہیں، اور خبردار کیا کہ صورت حال کو فوری طور پر سنجیدہ نہ لیا گیا تو مزید پیچیدگیاں ہو سکتی ہیں۔ انھوں نے زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جانا چاہیے۔
سابق صدر مملکت نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آزاد اور غیر جانب دار ڈاکٹروں کا پینل عمران خان کا مکمل طبی معائنہ کرے۔ انھوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی میڈیکل رپورٹس کے حوالے سے سوالات اٹھتے رہے ہیں۔

