لاہور پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے ماہِ اگست کے دوران 401 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 4 ہزار 747 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر ایک ہزار 723 کلو چرس، 502 کلو آئس اور 103 کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔ کارروائیوں کے دوران 354 کلو بھنگ، 45 کلو افیون اور 20 ہزار لیٹر سے زائد شراب بھی برآمد ہوئی۔
سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ لاہور کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے آئس اور ہیروئن جیسے مہلک نشوں کی فروخت اور استعمال روکنے کے لیے سخت کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی۔
سی سی پی او لاہور نے تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشی کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر کارروائیوں کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے۔
لاہور پولیس حکام کے مطابق منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔

