یوم آزادی کی تقریبات کے پرامن انعقاد پر سی سی پی او لاہور سمیت آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو شاباش، آئی جی پنجاب
جشن آزادی پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ سمیت مختلف قانون شکنی پر پنجاب پولیس کا سخت کریک ڈاؤن
لاہور 15 اگست: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے یوم آزادی کے موقع پر صوبہ بھر میں بہترین سکیورٹی انتظامات اور جشن آزادی کی تقریبات کے پرامن انعقاد پر پنجاب پولیس فورس کو شاباش دی ہے۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور دیگر سینئر پولیس افسران کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاروں نے یوم آزادی کے موقع پر فرائض منصبی احسن انداز میں سرانجام دیے اور شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب پولیس نے بھرپور اقدامات کئے۔ پولیس افسران و اہلکاروں نے جشن آزادی کی تقریبات، اہم شاہراہوں، تفریحی مقامات اور دیگر حساس مقامات پر بہترین سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دی۔
آئی جی پنجاب نے جشن آزادی پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی سمیت قانون شکنی کے خلاف بلا تفریق کارروائی کے احکامات جاری کئے تھے، جن پر پنجاب پولیس نے بھرپور عملدرآمد کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں مختلف قانون شکنیوں میں ملوث 108 قانون شکن عناصر کو گرفتار کرکے 91 مقدمات درج کئے گئے۔ صوبہ بھر میں ون ویلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 101 ملزمان کو گرفتار کرکے 85 مقدمات درج کئے گئے جبکہ ہوائی فائرنگ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرکے 5 مقدمات درج کئے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مختلف خلاف ورزیوں پر 55 قانون شکن عناصر کو گرفتار کرکے 42 مقدمات درج کئے گئے۔

