مری: مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے پیچھے نہیں جارہا بہت جلد مسائل پر قابو پاکر ان سے باہر نکلیں گے۔
مری میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مخالفین کے ساتھ اچھا سلوک کیا ہے، سیاست میں مخالفت ہوتی ہے دشمنی میں نہیں بدلنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جن امیدواروں کو شکست ہوئی اس پر افسوس ہے، کوئی سیٹ ہارنے پر ہمیں حوصلہ نہیں ہارنا ہے، عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی گنجائش نہیں ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں آزاد کشمیر کی حکومت عوام کی امنگوں پر پورا نہ اترسکی، اگر ہم نے ڈلیور نہ کیا تو پھر عوام ناراض ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ترقیاتی کاموں کی بہت ضروری ہے، شہباز شریف سے کہوں گا یہاں زیادہ سے زیادہ فنڈز دیں اور ترقیاتی اسکیمیں بھرپور طریقے سے شروع کریں۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام بھی چاہتے ہیں یہاں اسپتال بنیں، شہباز شریف سے کہوں گا یہاں کی حکومت کو ہیلی کاپٹر دیں، ہم ایک نیا آزاد کشمیر دیکھنا چاہتے ہیں۔

