استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر مواصلات علیم خان کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کو مصلحت یا سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہیے۔
نیوز کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان نے کے پی میں ہزارہ صوبے کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام ملک بھر میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کی تشکیل چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں 2010 سے ہزارہ صوبے کے لئے آوازیں بلند ہو رہی ہیں، خوشی ہے خیبرپختونخوا کی اہم سیاسی جماعتیں ہزارہ صوبے کا قیام چاہتی ہیں، ہماری پارٹی ہزارہ صوبے کے مطالبے کے ساتھ ہے۔
علیم خان نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں بھی کے پی کی طرح نئےصوبوں کے لئے آوازیں بلند ہو رہی ہیں، آبادی میں بے تحاشا اضافے کے باعث نئے صوبے وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں، ہم جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کے قیام کی بھی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کی تشکیل سے لوگوں کے مسائل کا حل بےحد ضروری ہے، دیکھا جائے تو چاروں صوبوں کو 4،4 انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے میں حرج نہیں ہے، ملکی مفاد میں مثبت تجویز کسی بھی پلیٹ فارم سے آئے، خوش آمدید کہیں گے۔
علیم خان نے کہا کہ سیاستدان ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے نئےصوبوں کی”اونرشپ” لیں، دنیا میں کتنے ممالک کم آبادی کے باوجود پاکستان سے زیادہ صوبے رکھتے ہیں، اپنی چوہدراہٹ بچانے کے بجائے عوام کے مسائل کا سوچنا ہوگا۔

