ملتان (13 اگست 2026): نیشنل چیمپئنز کپ کے دوسرے میچ میں صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان بلیوز نے پاکستان گولڈ کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔
ملتان میں کھیلے جا رہے نیشنل چیمپئنز کپ کے دوسرے میچ میں قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی تاہم ان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پورے اوورز بھی نہ کھیل سکی۔
پاکستان گولڈز 45.3 اوورز میں 212 رنز ہی بنا سکی، کامران غلام 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بلیوز کی جانب سے سفیان مقیم اور حسن علی نے چار، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
213 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان بلیوز نے ہدف 41.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان صاحبزادہ فرحان نے فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو 6 وکٹوں سے فتح دلائی۔
صاحبزادہ فرحان نے 102 کی شاندار اننگ کھیلی۔ طیب طاہر نے 35 اور محمد فائق نے 30 رنز بنا کر جیت میں اپنا حصہ ڈالا۔ گولڈز کے عمران رندھاوا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل نیشنل چیمپئنز کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان گرینز نے پاکستان وائٹس کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
میچ میں پاکستان وائٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز بنائے۔
پاکستان گرینز نے ہدف کے تعاقب میں ایک اوور قبل ہی میچ 5 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔ فخر زمان نے 123 رنز کی بدولت ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

