لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ 9 ارب کے جہاز پر لوگوں کو بڑی تکلیف ہے بتانا چاہتی ہوں بار بار اسی جہاز پر سفر کروں گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاز میرا نہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کا ہے کیا بیرون ملک موٹر سائیکل پر بیٹھ کر جاؤں، لازمی ہے جہاز پر ہی سفر کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ یہ تنقید مریم نواز پر نہیں پنجاب کی ترقی پر ہورہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سرکاری جہاز کے اخراجات پونے تین کروڑ روپے اپنی جیب سے ادا کیے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حالیہ نجی دورہ لندن کے دوران سرکاری طیارے پر آنے والے اخراجات کا چیک دے دیا ہے۔
مریم نواز نے اپنی بیٹی کی گریجویشن کے موقع پر رواں ماہ کے آغاز میں 5 سے 9 ستمبر تک لندن کا نجی دورہ کیا تھا اور اس کے لیے سرکاری جہاز استعمال کیا گیا تھا۔
اب مریم نواز نے دورہ لندن کے دوران سرکاری طیارے کے استعمال پر آنے والے اخراجات پنجاب حکومت کو دے دیے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری طیارے کے استعمال کی مد میں پنجاب حکومت کو 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے کی رقم خود ادا کی ہے اور مذکورہ رقم کا چیک دے دیا ہے۔
ان کا یہ چیک کل کیش ہو جائے گا۔ بینک رسید کے مطابق عمر عباس نامی شخص نے پیسے جمع کرائے ہیں۔
