اسلام آباد: اسلام آباد ایئرپورٹ آنے اور جانے والی پروازوں کو اضافی فیول ساتھ رکھنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے 14 اگست کے موقع پر جاری فضائی مشقوں کے پیشِ نظر اسلام آباد ایئرپورٹ پر آنے اور یہاں سے روانہ ہونے والی تمام ملکی و غیر ملکی پروازوں کے لیے اہم ہدایات اور باقاعدہ نوٹم جاری کر دیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹم میں کہا گیا کہ یومِ آزادی کی مناسبت سے کی جانے والی فلائنگ پاسٹ اور فضائی مشقوں کی وجہ سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے وقت میں تاخیر یا ردوبدل کا امکان ہے۔
اسلام آباد آنے والی تمام پروازوں کے پائلٹس اور ایئرلائن انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جہازوں میں اضافی ایندھن لازمی رکھیں، تاکہ فضا میں ہولڈنگ کی صورت میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
فضائی مشقوں کے دوران حفاظتی تدابیر کے تحت طیاروں کو فضا میں کچھ دیر کے لیے ہولڈنگ پیٹرن (انتظار) پر رکھا جا سکتا ہے۔
ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پروازوں کی حتمی ٹائمنگ کی تصدیق لازمی کر لیں۔

