اسلام آباد (17 ستمبر 2026): حکومت نے کراچی انڈسٹریل پارک کیلیے لینڈ لیز اور مراعاتی پیکج جلد متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت کراچی انڈسٹریل پارک کی ترقی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مذکورہ فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں احد چیمہ نے کہا کہ مجوزہ لینڈ لیز پیکج میں برآمدی صنعتوں کو ترجیح دی جائے گی، اراضی الاٹمنٹ اور مراعات کی فراہمی کو واضح برآمدی اہداف سے مشروط کیا جائے گا، صنعتی اراضی اور مراعات کے غلط استعمال کی روک تھام کیلیے مؤثر احتسابی نظام بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پاکستان کی پہلی بلٹ پروف شیشہ ساز فیکٹری کا قیام
اجلاس میں حکام نے بتایا کہ متعدد صنعتکار مناسب مراعات اور سہولتوں کی دستیابی پر برآمدی صنعتیں قائم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
اس پر وفاقی وزیر اقتصادی امور نے ہدایت کی کہ صنعتی پارک فعال کرنے کیلیے پانی، گیس اور سڑکوں کی مناسب سہولتیں یقینی بنائی جائیں، پانی کی فراہمی اور 11 کلو میٹر رابطہ سڑک کیلیے سندھ حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت پیٹرولیم اور سوئی سدرن گیس کمپنی انڈسٹریل پارک میں گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے، ملکی برآمدات بڑھانے اور پاکستان اسٹیل ملز کی واجب الادا ذمہ داریاں کم کرنے میں مدد ملے گی۔
