اسلام آباد (6 اگست 2026): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان سے متعلق اڈیالہ جیل حکام کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ عمران خان کو قید تنہائی میں نہ رکھنے کا اڈیالہ جیل حکام کا دعویٰ حقائق کے برعکس ہے، سابق وزیر اعظم طویل عرصے سے غیر معمولی پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ عمران خان کی اہل خانہ سے ملاقاتوں میں مسلسل رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، عدالتی احکامات کے باوجود ملاقاتوں کے حق کو بار بار محدود کیا گیا، ان کو ذاتی معالج سے معائنہ اور علاج کی سہولت نہیں دی جا رہی، جیل حکام اپنے دعوؤں میں سچے ہیں تو ملاقاتوں پر پابندیاں کیوں ہیں؟
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو اہل خانہ، وکلا اور ذاتی معالج تک آزادانہ رسائی دی جائے، عدالتی احکامات پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ان کا طبی معائنہ ان کے ذاتی معالج سے فوری طور پر کروایا جائے۔

