محکمہ داخلہ پنجاب اور نادرا کے درمیان ڈیجیٹل اسلحہ لائسنس سے متعلق معاہدے میں نئی ترمیم منظور کرلی گئی ہے، جس کے تحت شہری اپنے پنجاب آرمز لائسنس کی قابلِ تصدیق ڈیجیٹل اسناد حاصل کرسکیں گے۔
دستاویزات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب اور نادرا کے درمیان معاہدہ 31 دسمبر 2026 تک مؤثر رہے گا۔ معاہدے کی مدت یکم جنوری 2023 سے 31 دسمبر 2026 تک بڑھائی گئی ہے۔
ترمیم شدہ معاہدے میں سنگل سائن آن آتھنٹی کیشن کی شق شامل نہیں رکھی گئی۔ دستاویزات کے مطابق مشترکہ لاگ اِن کی شق کو بھی تکنیکی اور سکیورٹی خدشات کے باعث حذف کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ترمیمی مسودے میں سنگل سائن آن کی شق ختم کرنے کی تجویز دی تھی۔ ترمیم شدہ مسودے کی قانونی جانچ مکمل ہونے کے بعد اسے منظور کیا گیا۔
نئے انتظام کے تحت شہری اپنے ڈیجیٹل اسلحہ لائسنس فوری طور پر پاک آئی ڈی وولٹ میں حاصل کرسکیں گے۔ اس مقصد کے لیے پنجاب آرمز لائسنس سے متعلق قابلِ تصدیق ڈیجیٹل اسناد جاری کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق ڈیجیٹل لائسنسنگ نظام کا مقصد اسلحہ لائسنس کی تصدیق کو مزید آسان، تیز اور محفوظ بنانا ہے، جبکہ ڈیجیٹل اسناد کے ذریعے شہری اپنے لائسنس کی حیثیت بھی بہتر انداز میں ثابت کرسکیں گے۔

