اسلام آباد : گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے خراب بجلی کے میٹروں کی تبدیلی کا دورانیہ نمایاں حد تک کم کر کے اب صرف ایک ماہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ توانائی کے اصلاحاتی ایجنڈے کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے اپنے نقصانات میں نمایاں کمی کرتے ہوئے ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے بعد اب گیپکو بھی ملک کی دوسری ‘سنگل ڈیجیٹ لاسز’ (اکہرے ہندسے کے نقصانات) والی کمپنی بن گئی ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران مؤثر حکمتِ عملی کے باعث گیپکو کے لائن لاسز 10.43 فیصد سے کم ہو کر اب 9.80 فیصد کی تاریخی کم ترین سطح پر آ گئے ہیں اور کمپنی کی بلنگ ریکوری کی شرح میں شاندار اضافہ ہوا ہے جو اب 100 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔
بہترین مالیاتی نظم و ضبط کی بدولت گردشی قرضے میں گیپکو کا حصہ مسلسل صفر رہا جبکہ ملک گیر بجلی چوری مہم کے تحت گیپکو نے سخت کارروائیاں کرتے ہوئے صرف ایک سال کے دوران 5.2 ارب روپے کی قومی بچت کی ہے۔
عوامی شکایات کے ازالے کے لیے خراب میٹروں کی تبدیلی کا دورانیہ نمایاں حد تک کم کر کے اب صرف ایک ماہ کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کارکردگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی مسلسل اور جدید ڈیٹا پر مبنی نگرانی کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام ڈسکوز کے لائن لاسز اور ریکوری کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، اور طے شدہ اہداف کے حصول اور ان پر مؤثر عملدرآمد پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ بلنگ اور ریکوری کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن حکومت کے توانائی اصلاحاتی ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہے، جس سے نظام میں مزید شفافیت آئے گی۔

