اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی سادہ اکثریت حاصل کرکے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ، جس میں رانا ثناء اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا پہلے اور دوسرے مرحلے کی 20 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) 13 نشستیں جیت چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 45 میں سے اب تک 23 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے حکومت سازی کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہاجرین کی 12 میں سے 10 نشستوں پر بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ مظفرآباد ڈویژن کی 7 نشستوں میں سے 4 پر مسلم لیگ (ن) اور 3 پر پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے، اب اسے اپنی کامیابی کی بھی وضاحت کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات ہوئے اور عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا، نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے مظفرآباد سٹی میں پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ شہر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر کے ووٹرز کو گھروں تک محدود رکھا گیا، جس سے مسلم لیگ (ن) کے ہزاروں ووٹ متاثر ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایل اے 31 میں پولنگ متاثر کرنے کے لیے مختلف حربے استعمال کیے گئے جبکہ لطیف اکبر پر مبینہ حملے کے دعوؤں کے حق میں نہ کوئی میڈیکل رپورٹ سامنے آئی اور نہ ہی کوئی ثبوت پیش کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کسی قسم کی فائرنگ نہیں ہوئی اور مخالفین نے بے بنیاد پروپیگنڈا کیا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پُرامن انتخابات ریاستی اداروں، انتظامیہ، پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہیں، مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پارٹی قیادت، کارکنوں اور مؤثر ٹیم ورک کا ثمر ہے جبکہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت اور کارکردگی نے بھی انتخابی نتائج پر مثبت اثر ڈالا۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام نے کارکردگی اور مستقبل کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا، بارش اور دیگر مشکلات کے باوجود ووٹرز نے بھرپور انداز میں حق رائے دہی استعمال کیا اور ٹرن آؤٹ کم ہونے کا تاثر حقائق کے منافی ہے۔
انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ احتجاج اور الزامات کے بجائے پارلیمانی سیاست کے ذریعے عوام کی خدمت کی جائے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں عوامی مینڈیٹ کے مطابق ایک مضبوط جمہوری حکومت قائم ہوگی اور پاکستان کی جانب سے آزاد کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

