ملتان: خواتین کو غیر قانونی طریقے سے یورپ بھجوانے والے عالمی نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے خاتون مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے خواتین کو غیر قانونی طریقے سے یورپ بھجوانے والے مبینہ عالمی نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا۔
ایف آئی اے نے خاتون مسافر کی غیر قانونی راستے سے یورپ جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔
ترجمان نے بتایا کہ سائرہ ناہید وزٹ ویزے پر ترکیہ جا رہی تھی، تاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران اسے مشکوک قرار دے کر روک لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ خاتون نے ترکیہ کے راستے غیر قانونی طور پر اٹلی پہنچنا تھا۔
تحقیقات سے پتہ چلا کہ فیصل آباد کا ایک ایجنٹ خاتون کو اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دے کر 10 لاکھ روپے ایڈوانس وصول کر چکا تھا، جبکہ باقی رقم اٹلی پہنچنے کے بعد ادا کی جانی تھی۔ منصوبے کے تحت ترکیہ پہنچنے پر گینگ کے کارندے خاتون کو ریسیو کرتے اور پھر غیر قانونی بارڈر کراس کروا کر اٹلی منتقل کرتے۔
ایف آئی اے نے خاتون کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ نیٹ ورک میں ملوث ایجنٹوں اور دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔

