لاہور : مومنہ اقبال کے بعد ایک اور معروف اداکارہ نے ایم پی اے ثاقب چڈھر کے میسجز سوشل میڈیا پر لیک کر دیے اور لکھا یہ ہے ہمارے حکمران طبقے کی حقیقت۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے کیس میں نامزد مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چڈھر کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
اب ایک اور معروف پاکستانی اداکارہ عروبہ مرزا نے ثاقب چڈھر کی جانب سے اپنے انسٹاگرام ڈی ایم میں مبینہ رابطے کی کوششوں کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر شیئر کر دیے۔
عروبہ مرزا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر ایک اسٹوری شیئر کی، جس میں ثاقب چڈھر کے ساتھ ہونے والی مختصر اور مبینہ گفتگو کا اسکرین شاٹ موجود ہے۔
انہوں نے اس اسٹوری کے ساتھ تحریر کیا: “مومنہ اقبال، سیدہ طوبہ اور اب میں بھی۔ یہ ہے ہمارے حکمران طبقے کی حقیقت۔”

اس سے قبل قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی تحقیقات میں ثاقب چڈھر پر اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزامات ثابت ہو چکے ہیں۔
کیس کے انویسٹی گیشن آفیسر کے مطابق ملزم قصور وار پایا گیا ہے، جبکہ ملزم کی اہلیہ سمیرہ نے بھی اپنا موبائل فون فرانزک تجزیہ کے لیے ایجنسی کے حوالے کر دیا ہے۔
دوسری جانب، مومنہ اقبال کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ملزم کی ضمانت منسوخ کی جائے کیونکہ ان کی آزادی سے ان کی موکلہ کی جان اور ساکھ کو خطرہ ہے۔
عدالت نے فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر حتمی دلائل دینے کے لیے طلب کر لیا ہے، جبکہ ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک کی توسیع کر دی گئی ہے۔

