اسلام آباد: سینیٹ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سی ایس ایس امیدواروں کی عمر کی حدبڑھانے کی تجویز پر کمیٹی ارکان میں اختلاف رائے دیکھا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اہم اجلاس میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے امور، سی ایس ایس امتحانات اور سول سروسز میں بھرتی کے نظام میں اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بحث کی گئی۔
اجلاس کے دوران ارکان نے بیوروکریسی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں سی ایس ایس کے امیدواروں کے لیے عمر کی حد میں اضافے کی تجویز بھی زیر غور آئی، جس پر کمیٹی کے ارکان کے درمیان شدید اختلاف رائے دیکھا گیا۔
اس موقع پر حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے عمر کی حد بڑھانے کی مخالفت کی اور موقف اختیار کیا کہ اگر امیدواروں کے لیے عمر کی حد میں اضافہ کیا گیا، تو اس سے سول سروس کے پیداواری سال کم ہو سکتے ہیں، جس کا اثر سروس کی کارکردگی پر پڑے گا۔
چیئرمین کمیٹی نے عالمی رجحانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں اب روایتی سی ایس ایس طرز کا پرانا نظام ختم ہو چکا ہے اور وہاں جدید طریقوں کو اپنایا جا رہا ہے۔
کمیٹی نے سی ایس ایس اور بھرتیوں کے اس اہم معاملے پر پہلے سے دی گئی سفارشات کا حوالہ دیتے ہوئے فی الوقت بحث کو سمیٹ دیا۔

