کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن العزم میں اب تک ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 13 ہوگئی جبکہ متعدد کمین گاہیں تباہ کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن “العزم” کے تحت کارروائیاں تیز کر دی۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں کی گئی کامیاب کارروائی کے دوران دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران اب تک 13 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران فتنہ کی متعدد کمین گاہیں تباہ کر دی گئیں جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم تیار کرنے میں استعمال ہونے والا مواد بھی برآمد کرلیا ہے.
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے۔

