لیاقت پور(25 جولائی 2026): لیاقت پور کے علاقے بیٹ پرارہ میں بستی بڈا پرارہ کے قریب دریائے چناب کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دریائے چناب میں طغیانی کے باعث حفاظتی بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی تیزی سے قریبی آبادیوں میں داخل ہو گیا ہے۔پانی بستیوں میں داخل ہونے کے نتیجے میں زمینی راستے منقطع ہو گئے ہیں اور علاقہ مکین اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
حفاظتی بند ٹوٹنے سے 50 ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی کماد، مونگ، تل اور چارہ جات کی فصلیں پانی میں ڈوب کر تباہ ہو گئی ہیں جبکہ درجنوں گھر بھی زیرِ آب آ گئے ہیں، جس سے کسانوں اور مکینوں میں شدید پریشانی پھیل گئی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی کے تیزی سے بڑھتے ہوئے ریلے کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے، تاہم اطلاع ملنے کے باوجود تاحال کوئی بھی امدادی ٹیم موقع پر نہیں پہنچ سکی ہے۔
علاقہ مکینوں کا مزید کہنا ہے کہ متاثرہ شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرنے اور ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

