(24 جولائی 2026): فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ورلڈ چیمپئن اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے بین الاقوامی فٹبال کو الوداع کہنے کا فیصلہ کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین سے شکست کے بعد ارجنٹینا کے کپتان اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے عالمی فٹبال کو الوداع کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم وہ ٹیم کے سنبھلنے تک آئندہ چند ماہ قومی ٹیم کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔
رپورٹ کے مطابق میسی نے اپنے اس فیصلے سے ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن کے حکام کو بھی آگاہ کر دیا ہے اور انہوں نے اس فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اسٹار فٹبالر کے اعزاز میں ایک خصوصی الوداعی میچ منعقد کرنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔
ان کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2021 میں کوپا امریکا، 2022 فائنلسیما، 2022 فیفا ورلڈ کپ اور 2024 کوپا امریکا کے ٹائٹل جیتے جبکہ 2026 فیفا ورلڈ کپ کے فائنل تک بھی رسائی حاصل کی۔
واضح رہے کہ لیونل میسی نے 2022 میں قطر میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کو 36 سال بعد فٹبال کا عالمی چیمپئن بنوایا تھا جب کہ حالیہ ٹورنامنٹ میں بھی ٹیم کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ارجنٹینا ورلڈ کپ جیتنے کے لیے فیورٹ تھی۔ تاہم فائنل میں اسپین نے سخت مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
گو کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں بطور کپتان کے ساتھ انفرادی کھلاڑی کے طور پر بھی ان کی کارکردگی شاندار رہی اور ٹورنامنٹ میں انہوں نے 8 گول کرنے کے ساتھ 4 گول کرنے میں مدد بھی فراہم کی۔ تاہم وہ فائنل میں شکست کے بعد کافی دلبرداشتہ دکھائی دیے تھے۔

