کراچی: گلشن معمار میں 18 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا، والد نے بتایا کہ دو نامعلوم ملزمان گھر میں داخل ہو کر بیٹی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشنِ معمار میں 18 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں درج کر لیا۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی کے والد نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کار پینٹر ہوں اور میری اہلیہ گھروں میں کام کرتی ہیں، واقعے کے روز صبح 9 بجے میاں بیوی اپنے روزگار کے لیے گھر سے نکلے تھے، جس کے بعد 18 سالہ بیٹی گھر پر اکیلی تھی۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ دو نامعلوم ملزمان گھر میں داخل ہوئے، بیٹی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا اور واردات کے بعد دونوں نامعلوم ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
والد نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد بیٹی نے فون پر مطلع کیا، اطلاع ملتے ہی وہ فوری طور پر گھر پہنچے اور پولیس کی مددگار ہیلپ لائن 15 کو واقعے کی اطلاع دی۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
متاثرہ لڑکی کے والدین نے اپیل کی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور انہیں سخت سے سخت سزا دے کر انصاف فراہم کیا جائے۔

