لاہور : وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اسکولوں میں بچوں کو خود پڑھانے کا اعلان کردیا اور کہا پرائمری اسکولوں میں انگلش اور ہائی اسکولوں میں کیمسٹری پڑھاؤں گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے احسن قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری اسکولوں میں خود تدریسی خدمات انجام دینے کا اعلان کر دیا۔
وزیرِ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ وہ باقاعدہ استاد بن کر بچوں کو پڑھائیں گے اور اس اقدام کا مقصد اسکولوں کے مسائل کو موقع پر سمجھنا اور تدریسی معیار کا جائزہ لینا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے بتایا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے کلاسز پڑھانا شروع کروں گا، میں اساتذہ کی دل سے عزت کرتا ہوں اور خود استاد بن کر فخر محسوس کروں گا۔”
وزیرِ تعلیم نے اپنے تدریسی پلان اور پسندیدہ مضامین کے حوالے سے بتایا انگلش اور کیمسٹری پسندیدہ مضمون ہیں، انہی سے شروعات کروں گا،پرائمری اسکولوں میں انگلش اور ہائی اسکولوں میں کیمسٹری پڑھاؤں گا، ا اس کے علاوہ دیگرمضامین کی بھی تدریس کروں گا
رانا سکندر حیات نے اس مہم کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے اچانک دوروں کا فیصلہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر ہفتے کسی نہ کسی اسکول میں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے پڑھانے جائیں گے اور کسی کو بھی معلوم نہیں ہوگا کہ وہ کب اور کس اسکول کا رخ کر رہے ہیں۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے سرکاری اسکولوں کو معیاری بنانے کی مہم تیز ہوگی ساتھ ہی اساتذہ اور طلبہ سے براہِ راست رابطے کے نتیجے میں اصل تعلیمی مسائل سامنے آئیں گے جو اصلاحات میں معاون ثابت ہوں گے۔

