لاہور : صوبائی دارلحکومت لاہور میں موسلادھار بارش کے باعث متعدد انڈرپاسز اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور اور اس کے گردونواح میں علی الصبح سے شروع ہونے والا موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
جس کے باعث شہر کے متعدد انڈرپاسز اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں، سب سے زیادہ بارش ائیر پورٹ اور گردونواح میں 263 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ کاہنہ میں 143 ملی میٹر ، شادی پورہ میں 136 ملی میٹر ، مغلپورہ میں 133 ملی میٹر اور مناواں میں 111 ملی میٹر بارش ہوئی۔
کمشنر لاہور نے شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
کمشنر لاہور نعمان یوسف نے بتایا کہ علی الصبح شروع ہونے والے پہلے سپیل میں ہلکی اور درمیانی بارش کے دوران 50 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم بعد میں گلبرگ اور تاج پورہ سمیت کئی علاقوں میں انتہائی موسلا دھار بارش ہوئی۔
شہر میں ہونے والی اس غیر معمولی اور تیز بارش کے باعث ندی نالوں میں تغیانی جیسی صورتحال ہے، ڈیفنس انڈرپاس مکمل طور پر پانی سے بھر چکا ہے، جس کے باعث وہاں ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہے۔
مسجد چوک انڈرپاس بھی بارشی پانی میں ڈوب گیا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہر بھر میں واسا ، ایم سی ایل اور ایل ڈی اے کی تمام ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور ہیوی مشینری نشیبی علاقوں کے قریب تعینات کر دی گئی ہے جبکہ پانی کی نکاسی کے لیے واسا کا عملہ سڑکوں پر موجود ہے۔

