لندن: پاکستان ہائی کمیشن نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے بڑا اعلان کردیا ، جس میں کہا قونصلر خدمات کے لیے خصوصی کیمپ لگایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری کی سہولت اور قونصلر خدمات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے پاکستان ہائی کمیشن لندن نے ’کمیونٹی آؤٹ ریچ پروگرام‘ کے تحت خصوصی کیمپ لگانے کا اعلان کر دیا۔
پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل کی ہدایات پر قائم کیے جانے والے ان کیمپوں کے ذریعے پاکستانی شہری سینٹرل لندن آئے بغیر اپنے قریبی علاقوں میں ہی قونصلر خدمات حاصل کر سکیں گے۔
سلاؤ میں قائم کیے جانے والے کیمپ میں نائیکوپ (NICOP) کے نئے اجراء اور تجدید سمیت نادرہ سے متعلق مختلف خدمات فراہم کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ پاور آف اٹارنی، دستاویزات کی تصدیق، شناختی دستاویزات سے متعلق رہنمائی اور پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی سے متعلق معاملات میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔
ووکنگ میں قونصلر خدمات کے ساتھ ساتھ مفت قانونی مشاورت بھی فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر ماہرینِ قانون خاندانی، جائیداد اور دیگر دیوانی (Civil) معاملات پر شہریوں کو مفت مشورے دیں گے۔
پاکستان ہائی کمیشن کے مطابق قونصلر کیمپوں کے دوران بزرگ شہریوں اور معذور افراد کو خاص ترجیح دی جائے گی تاکہ انہیں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید برآں، قونصلر خدمات کی مقررہ فیس صرف ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ہی وصول کی جائے گی، نقد رقم کی ادائیگی قبول نہیں کی جائے گی۔

