پرتگال کے اسٹاار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ریٹائرمنٹ نے اداکارہ ماورا حسین کا دل توڑ دیا ہے۔
اداکارہ ماورا حسین اور امیر گیلانی نے کرسٹیانو رونالڈو کی بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کی خبر کے بعد دنیا بھر کے لاکھوں فٹ بال شائقین کے ساتھ مل کر اس لیجنڈ کھلاڑی کو الوداع کہا ہے۔
کھیلوں کے شوقین کے طور پر جانے جانے والے اس جوڑے نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے پرتگالی سپر اسٹار کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا اور ان کے شاندار کیریئر کے دوران قائم کردہ ورثے (لیگیسی) کو یاد کیا۔
رونالڈو کی ریٹائرمنٹ کے اعلان والی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ماورا نے جذباتی پیغام لکھا اور اعتراف کیا کہ وہ اس فٹ بال آئیکون کو اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے مزید نہ دیکھ پانے کے خیال کے لیے تیار نہیں تھیں۔
انہوں نے لکھا کہ میرا دل ٹوٹ کر ریزہ ریزہ ہو گیا ہے… مجھے ہمیشہ سے معلوم تھا کہ یہ دن مجھے رلا دے گا، مجھے پتہ تھا کہ یہ دن آئے گا لیکن پھر بھی مجھے نہیں لگتا کہ میں اس کے لیے تیار ہوں۔

اداکارہ نے فٹ بال پر رونالڈو کے غیر معمولی اثرات کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ آپ جیسا کوئی نہیں ہوگا… کبھی نہیں… آپ تو ایک جادو تھے۔
ماورا حسین نے مزید کہا کہ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہمیں آپ کے دور میں جینے کا موقع ملا اور ہم نے آپ کو اپنے ابتدائی دنوں سے لے کر اب تک کھیلتے ہوئے دیکھا، ہم میں سے اکثر کے لیے تو آپ ہی ‘فٹ بال’ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
اداکارہ کے شوہر و اداکار امیر گیلانی نے بھی ایک دل چھو لینے والا خراجِ تحسین پیش کیا۔

