پنجاب حکومت نے محکمہ ہائر ایجوکیشن کے سرکاری یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج سمیت دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی مؤثر نگرانی کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے, محکمہ ہائر ایجوکیشن نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے احکامات کو فوری طور پر نافذ کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی محکمہ کے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو حکومتی پالیسیوں اور جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق چلانے، ان کی نگرانی کرنے اور ان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ذمہ دار ہوگی۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ طلبہ، اساتذہ اور افسران کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا مؤثر استعمال کیا جائے گا، جبکہ سرکاری کالجوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ اور مثبت تعلیمی مواد کی تشہیر کے لیے آن لائن ذرائع کو مزید فعال بنایا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گورنمنٹ گریجویٹ کالج ماڈل ٹاؤن کے پرنسپل ڈاکٹر احسان علی کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ ہائر ایجوکیشن کے آئی ٹی اسپیشلسٹ عبدالحمید ماڈریٹر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
قرۃ العین (پی ایس او، اسپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن) کو کمیٹی کا کوآرڈینیٹر اور ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کالجز کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر میسم علی کو ممبر مقرر کیا گیا ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق کمیٹی سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور تعلیمی شعبے سے متعلق معلومات کی بروقت اور مؤثر ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گی۔

