پشاور(22 جولائی 2026): خیبرپختونخوا میں 19 جولائی سے جاری بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہو گئے ہیں۔
پروونشل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 6 مرد، 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث صوبے بھر میں کل 28 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 22 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 6 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔ متاثرہ اضلاع میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، لوئر چترال، دیر اپر اور دیر لوئر شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع میں پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں اور متاثرین کو فوری امدادی سامان کی فراہمی اور معاونت یقینی بنائیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ فی الوقت صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
تاہم، خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں کا سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس پیشگوئی کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

