کراچی (22 جولائی 2026): پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی دریا بپھر گئے گھر اور فصلیں زیر آب آ گئیں۔
نیوز کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی دریا بپھر گئے۔ درجنوں مقامات منہدم، نشیبی علاقے زیر آب آنے سے پانی گھروں اور کھڑی فصلوں کو ڈبو گیا۔
چنیوٹ میں دریائےچناب کی موجیں مسجد کو بہا لےگئیں۔ شیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کے لیے کشتیاں پہنچا دی گئیں۔
جلال پور بھٹیاں میں زمینی کٹاؤ کی وجہ سے کسانوں کی ایکڑوں پر پھیلی فصل زیر آب آگئی۔ وزیر آباد میں ضلعی انتظامیہ نے مقامی آبادی کو فوری گھر خالی کرنے کی ہدایت کر دی۔
دوسری جانب سات گھنٹے تک مسلسل طوفانی بارش نے نارووال کو ڈبو دیا۔ جسر کے مقام پر دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث مکینوں کو نقل مکانی کی ہدایت کر دی گئی۔
سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، ملکوال، جہلم اور بھکر شہر بھی بارش کے پانی میں ڈوب گئے۔
خیبر پختونخوا میں بھی بارشیں جاری ہیں۔ پشاور میں بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہو گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان اور مردان میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں سے پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

