پشاور : خیبر پختونخوا میں بچیوں کی شادی کی عمر 16 کے بجائے 18 سال کرنے کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں لڑکیوں کی شادی کی قانونی عمر 16 سال کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی۔
جس میں صوبے میں بھی لڑکیوں کی شادی کی عمر 18 سال کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
یہ درخواست لینا قمر اور ماہم نفیس نے عمران ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی، جس میں وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور سیکرٹری قانون سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 18ویں ترمیم کے بعد وفاق (اسلام آباد) اور ملک کے دیگر تمام صوبوں نے قوانین میں ترمیم کر کے لڑکیوں کی شادی کی قانونی عمر 18 سال مقرر کر دی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں یہ عمر اب بھی 16 سال طے ہے۔
درخواست گزاروں کے مطابق کم عمری کی شادیوں کی وجہ سے بچیوں کی صحت، تعلیم اور سنگین خاندانی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ خیبر پختونخوا میں بھی لڑکیوں کی شادی کی قانونی عمر 16 سال کے بجائے بڑھا کر 18 سال مقرر کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

