مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ ن لیگ کامیاب ہوئی تو شہباز شریف کو کہوں گا مجھے آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنادو۔
مظفرآباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے صدر نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میرا دوسرا گھر ہے، مظفرآباد پاکستان کا خوبصورت ترین شہر بننا چاہیے، یہاں کے ایک ایک منصوبے کو مکمل کرکے دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز سے کہا پنجاب میں جو کام کررہی ہیں وہی کام آزاد کشمیر میں ہونا چاہیے، پنجاب میں جو ترقیاتی منصوبے چل رہے ہیں اس میں شہباز شریف کا بھی ہاتھ ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت آئی تو آزاد کشمیر کے تمام مسائل اور مشکلات دور کریں گے، آزاد کشمیر کے چپے چپے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائیں گے، بجٹ 10 گنا بڑھائیں گے، چند دنوں میں 10 گرین بسیں مظفرآباد پہنچ جائیں گی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرے بعد آنے والی حکومت نے کچھ نہیں کیا صرف نعرے بازی کی اور لوگوں کو بھڑکایا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد آزاد کشمیر کی قسمت چمک جائے گی، خواہش ہے کہ مظفرآباد کا شہر لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ سے آگے نکل جائے۔

