کراچی: مخدوش قرار دی گئی عمارت پر اشتہاری سائن بورڈ نصب ہونے کے بعد سندھ حکومت کے دوہرے معیار پر سوالات اٹھنے لگے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں شاہین کمپلیکس کے قریب ایک قدیم عمارت پر سندھ حکومت اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متضاد اقدامات نے شہریوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے، جس کے بعد حکومتی اداروں کے دوہرے معیار پر شدید سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ایک طرف جہاں اس قدیم اور خستہ حال عمارت کو انتہائی خطرناک قرار دے کر خالی کرنے کا آخری نوٹس جاری کیا گیا ہے، وہیں دوسری طرف اسی عمارت پر ایک بھاری اور دیوہیکل اشتہاری سائن بورڈ نصب کر دیا گیا ہے جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہین کمپلیکس کے قریب واقع اس پرانی عمارت پر ایک ہی وقت میں دو بالکل الٹ کام سامنے آئے ہیں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے معائنہ کے بعد اس عمارت کو ناقابلِ مرمت، انتہائی خستہ حال اور کسی بھی وقت گرنے کے خطرے سے دوچار قرار دیا ہے۔
اسی مخدوش اور کمزور عمارت پر ایک بڑا اشتہاری بورڈ لگا دیا گیا ہے جس نے آدھی سے زیادہ عمارت کو ڈھانپ رکھا ہے۔ عمارت کی دیواروں پر جگہ جگہ گہری دراڑیں واضح دیکھی جا سکتی ہیں، جن پر وزنی بورڈ لگانا موت کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے عمارت پر چسپاں کیے گئے نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ متعلقہ افراد کے لیے آخری وارننگ ہے کیونکہ عمارت کسی بھی وقت منہدم ہو سکتی ہے اور کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچنے کے لیے متعلقہ افراد کو 7 روز کے اندر عمارت کو فوری طور پر خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ اگر مقررہ مدت میں عمارت خالی نہ کی گئی تو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سخت قانونی ایکشن لے گی۔
