پشاور: 19 سے 25 جولائی تک شدید بارش، فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظ الرٹ کردیا گیا، جس میں ریسکیو اداروں کو ہر وقت تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے صوبے کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیل پھٹنے کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ 19 سے 25 جولائی کے دوران شدید بارشوں کے باعث فلش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیئر جھیلیں پھٹنے کے خدشات ہیں، جبکہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بھی بلند ہو سکتی ہے۔
اتھارٹی نے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے، ریسکیو اور امدادی اداروں کو ہر وقت تیار رکھنے اور حساس علاقوں میں انخلا مراکز فعال رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران ندی نالوں اور دریاؤں کو عبور کرنے سے ہر صورت اجتناب کیا جائے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1700 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔

