حیدرآباد(18 جولائی 2026): بالی ووڈ کے معروف اداکار ہریتک روشن نے نئی دہلی میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر بیٹھے مشہور ماہرِ تعلیم، موجد اور سماجی کارکن سونم وانگچک کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
59 سالہ سونم وانگچک گزشتہ 21 روز سے نئی دہلی میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر ہیں۔ وہ صرف نمک اور پانی استعمال کر رہے ہیں، سونم وانگچک بھارتی آن لائن تحریک ’کاکروچ جنتا پارٹی (CJP)‘ کی حمایت میں احتجاج کر رہے ہیں، جو تعلیمی اصلاحات کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ان کا (NEET) پرچہ لیک ہونے پر وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا بھی مطالبہ ہے۔
فلم ‘کرش’ کے اسٹار ہریتک روشن نے سوشل میڈیا پر اداکارہ لیسا رے کی جانب سے شیئر کی گئی سونم وانگچک کی ایک ویڈیو کو دوبارہ شیئر کیا۔ اس ویڈیو میں وانگچک پیپر لیک کے مبینہ معاملے اور اس کے بعد 20 طلبہ کی خودکشی پر عوامی خاموشی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
وانگچک کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے ہریتک روشن نے لکھا یہ بات سچ معلوم ہوتی ہے۔ میں نے اپنی ایک فلم میں ٹیچر کا کردار ادا کرتے وقت یہ سیکھا تھا کہ طلبہ کس قدر ذہنی اذیت اور صدمے سے گزرتے ہیں۔

اداکار کا اشارہ اپنی فلم ’سپر 30‘ کی طرف تھا جو اصل زندگی کے ماہرِ تعلیم اور ریاضی دان آنند کمار پر مبنی تھی۔
ہریتک روشن ہندی فلم انڈسٹری کے پہلے بڑے اسٹار ہیں جنہوں نے سونم وانگچک کی حمایت کی ہے۔ ان سے قبل زینت امان، سونی رازدان، سوارا بھاسکر، ابھے دیول، پرکاش راج اور اومی ویدیا جیسی شخصیات بھی اس مہم کا حصہ بن چکی ہیں۔
حالیہ دنوں میں اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھی سونم وانگچک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔ فلم انڈسٹری کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آواز اٹھانے کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہوتا کہ کوئی شخص ’ملک دشمن‘ ہے۔
فلم دبنگ کی اسٹار کا کہنا تھا میں نے پہلے کبھی اس طرح کا عوامی بیان نہیں دیا، لیکن اب میں مزید خاموش نہیں رہ سکتی۔ ہم سب سونم وانگچک کو جانتے ہیں اور یہ بھی جانتے ہیں کہ انہوں نے ملک کے لیے کیا کچھ کیا ہے۔ وہ پچھلے 18 دنوں سے بغیر کچھ کھائے بھوک ہڑتال پر ہیں، اور وہ بچوں کے مستقبل کے لیے لڑ رہے ہیں جسے تباہی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔
Climate activist, education reformer @Wangchuk66
has been peacefully protesting on an indefinite hunger strike, at Jantar Mantar, New Delhi in support of the younger generation, Gen Z/’Cockroach Janta Party’ over the NEET UG Exam Paper Leak. He has been on a fast unto death for…— Shatrughan Sinha (@ShatruganSinha) July 17, 2026
سوناکشی کے اس بیان کے بعد ان کے والد اور اداکار و سیاستدان شتروگھن سنہا نے بھی کہا کہ انہیں اپنی بیٹی پر فخر ہے کہ انہوں نے سچ کا ساتھ دیا۔
دوسری جانب، 18 جولائی کی صبح دہلی ہائی کورٹ کی ہدایات پر دہلی پولیس نے سونم وانگچک کو طبیعت ناساز ہونے کے باعث جنوبی دہلی کے صفدر جنگ اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
