پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو بائیومیٹرک ڈیٹا کے استعمال کے حوالے سے وارننگ جاری کردی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو نئی سم کارڈ کے حصول یا دیگر ٹیلی کام سروسز کے دوران اپنے بائیو میٹرک ڈیٹا کے تحفظ کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئی سم لینے یا کسی بھی ٹیلی کام سروس کے لیے اپنا بائیو میٹرک ڈیٹا صرف موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے مجاز کسٹمر سروس سینٹرز، فرنچائزز یا منظور شدہ سیلز آؤٹ لیٹس پر ہی فراہم کریں۔
اتھارٹی نے صارفین پر زور دیا ہے کہ فنگر پرنٹس دینے سے پہلے اس بات کی مکمل تصدیق کر لیں کہ ان کا بائیو میٹرک ڈیٹا کس مقصد کے لیے لیا جا رہا ہے، اور کسی بھی غیر مجاز شخص یا دکاندار کو اپنی حساس معلومات ہرگز فراہم نہ کریں، اس اقدام کا مقصد شہریوں کے بائیو میٹرک ڈیٹا کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔پی ٹی اے نے اس سے قبل ایک اور دھوکہ دہی سے بھی خبردار کیا تھا جس میں نوسر باز خود کو کوریئر کمپنی کا نمائندہ ظاہر کر کے شہریوں سے ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) حاصل کرتے ہیں۔
ایسے فراڈ میں کال کرنے والے افراد پارسل یا شپمنٹ کی ڈیلیوری مکمل کرنے کے بہانے شہریوں سے او ٹی پی یا دیگر خفیہ معلومات مانگتے ہیں۔اتھارٹی نے شہریوں کو سختی سے تاکید کی ہے کہ وہ اپنا او ٹی پی کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں، بالخصوص کوریئر کمپنیوں یا دیگر اداروں کا نمائندہ بن کر کال کرنے والے نامعلوم افراد کو ہرگز کوئی کوڈ یا معلومات فراہم نہ کریں۔

