اسلام آباد : بینکوں کے لیے کیش ٹرانزیکشن کی رپورٹنگ کی نئی حد مقرر کردی گئی، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے لیے نقد لین دین (کیش ٹرانزیکشن) کی رپورٹنگ کی حد 2 کروڑ روپے (20 ملین) سے بڑھا کر 3 کروڑ روپے (30 ملین) کر دی۔
وزارتِ خزانہ نے کرنسی ٹرانزیکشن رپورٹس (سی ٹی آر) کی حد میں تبدیلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
نئے ضوابط کے مطابق بینکوں اور دیگر متعلقہ مالیاتی اداروں کو 3 کروڑ روپے یا اس سے زائد کی نقد ٹرانزیکشنز کی اطلاع فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) کو دینا لازمی ہوگا۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
اس تبدیلی کی منظوری نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی برائے اینٹی منی لانڈرنگ و انسدادِ دہشت گردی فنانسنگ نے دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹس (STRs) اور کرنسی ٹرانزیکشن رپورٹس کے جائزے اور تجزیے کے حکومتی فریم ورک کا حصہ ہے۔
