• Home  
  • امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن نے ملک بھر میں اچانک فضائی آپریشن روکنے کی وجہ بتا دی
- دنیا

امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن نے ملک بھر میں اچانک فضائی آپریشن روکنے کی وجہ بتا دی

واشنگٹن: امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے امریکا بھر میں اچانک فضائی آپریشن روکنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ملک گیر فضائی تعطل کی وجہ پرانے آلات تھے۔ شان ڈفی نے جمعہ کو وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ میں بتایا کہ فضائی آپریشنز میں تعطل کی وجہ پرانا ہارڈویئر ہے، ڈیٹا کے دباؤ […]

امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن نے ملک بھر میں اچانک فضائی آپریشن روکنے کی وجہ بتا دی

واشنگٹن: امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے امریکا بھر میں اچانک فضائی آپریشن روکنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ملک گیر فضائی تعطل کی وجہ پرانے آلات تھے۔

شان ڈفی نے جمعہ کو وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ میں بتایا کہ فضائی آپریشنز میں تعطل کی وجہ پرانا ہارڈویئر ہے، ڈیٹا کے دباؤ کے باعث سوئچز اور راؤٹرز بند ہو گئے تھے۔

جمعے کی شام ایک پریس کانفرنس میں وزیر ہوم لینڈ سیکیورٹی مارک وین مولن اور وزیرِ ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے کہا کہ امریکا کے پاس اب بھی ’’پرانے سوئچز اور پرانے راؤٹرز‘‘ موجود ہیں، جو ڈیٹا کے غیر معمولی دباؤ کو برداشت نہ کر سکے اور ناکام ہو گئے۔ اس خرابی کے باعث فضائی راستوں کی نگرانی اور کنٹرول کرنے والے متعدد مراکز کے درمیان مواصلاتی رابطے متاثر ہوئے۔

شان ڈفی نے کہا امریکا کا فضائی ٹریفک کنٹرول نظام جدید بنانے کے لیے 50 ارب ڈالر درکار ہیں، فضائی ٹریفک کنٹرول نظام کی اپ گریڈیشن کے لیے کانگریس ہنگامی فنڈز منظور کرے۔

ڈفی نے کہا ’’ہمیں اپنے سینیٹرز اور کانگریس کے ارکان سے بات کرنی چاہیے اور ان سے کہنا چاہیے کہ امریکا اس سلوک کا مستحق نہیں ہے۔ یہ دنیا کا عظیم ترین ملک ہے، اور ویسے اس کا صدر بھی عظیم ترین ہے، لہٰذا اس حقیقی مسئلے کو حل کرنے کے لیے رقم فراہم کی جائے۔‘‘ انھوں نے کہا آخر یہ واقعہ کتنی بار پیش آنا چاہیے، اس سے پہلے کہ کانگریس اسے درست کرنے کے لیے رقم فراہم کرے؟

پریس کانفرنس کے دوران ڈفی بار بار اس بات پر زور دیتے رہے کہ انتظامیہ کو ایسے ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کی جگہ نئے نظام نصب کرنے کے لیے 50 ارب ڈالر درکار ہیں، جو 1980 کی دہائی سے استعمال ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام اب اس میں سے گزرنے والے ڈیٹا کی بڑھتی ہوئی مقدار کو سنبھالنے کے قابل نہیں رہا۔

مارک وین مولن نے کہا ’’ہمیں ایک مکمل نظام درکار ہے۔ ہمیں کسی ایسی کمپنی یا ادارے کو لانا چاہیے جو پورا نظام نئے سرے سے تعمیر کرے۔ تھوڑے تھوڑے پیسے لگا کر، جوڑ توڑ کے ذریعے اسے چلانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوتی۔ جب ایسا کیا جاتا ہے تو پھر یہی نتائج سامنے آتے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ جمعہ کے روز امریکی وفاقی ادارے برائے ہوا بازی (ایف اے اے) نے حفاظتی اقدام کے طور پر پورے امریکا میں پروازوں کی روانگی روک دی تھی، جب کہ جو طیارے پہلے ہی فضا میں موجود تھے، انھیں اپنی منزلوں کی جانب سفر جاری رکھنے یا ضرورت کے مطابق متبادل ہوائی اڈوں کی طرف موڑنے کی اجازت دی گئی۔

جمعے کی رات مشرقی امریکی وقت کے مطابق تقریباً 8 بج کر 15 منٹ پر پروازوں کی روانگی پر عائد پابندی ختم کی گئی، تاہم اس تعطل کے باعث فضائی کمپنیوں کو اپنے طیاروں اور عملے کو دوبارہ مختلف مقامات پر پہنچانے کے لیے ہنگامی انتظامات کرنا پڑے۔ بزنس انسائیڈر کے مطابق تقریباً 10 ہزار پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جب کہ لگ بھگ 5 ہزار پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

حکام نے کہا کہ انھیں تاحال ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ یہ خرابی کسی سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق نظام کی ناکامی کے باعث پیدا ہوئی تھی۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ وہ مواصلاتی نظام کی بندش کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.