کراچی: کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن نے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔
صدر گڈز کیریئر ایسوسی ایشن رانا محمد اسلم نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی خوش آئند قرار دی، اور کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا فائدہ عوام تک پہنچائیں گے۔
رانا محمد اسلم نے کہا وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر پیٹرولیم کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکسوں میں بھی کمی کی جائے، اور ود ہولڈنگ ٹیکس میں کمی کے ذریعے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو ریلیف دیا جائے۔
واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 330 روپے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کے نرخ 360 روپے پر برقرار رکھے گئے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہو گیا ہے جب کہ یہ قیمتیں 3 روز تک برقرار رہیں گی۔

