کراچی(13 نومبر 2026): شہرِ قائد میں میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے تفتیش کا دائرہ کار مزید وسیع اور تیز کر دیا ہے، اور مقتول کے پارٹنر و دوست احمد بھر دے سے حتمی بیان لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے ناظم آباد میں واقع متعلقہ ریسٹورنٹ کو سیل کرنے کے بعد احمد بھر دے کو اپنی تحویل میں لیا اور انہیں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے سرکاری آفس منتقل کر دیا، جہاں ان سے سخت تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی آج اس حوالے سے اہم فیصلہ کرے گی کہ آیا احمد بھر دے کو جانے دیا جائے یا عدالت سے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق احمد بھر دے اس وقت تیموریہ تھانے میں موجود ہیں۔ تفتیشی ٹیم کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے انہیں مسلسل طلب کر کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے تھے۔
ٹیم نے سب سے پہلے ہفتے کی رات 12 بجے بلایا اور فجر کے 5 بجے جانے دیا۔اتوار کے روز دوپہر 3 بجے طلب کر کے رات 1 بجے گھر جانے کی اجازت دی گئی۔ پیر کے روز شام 5 بجے بلا کر رات 12 بجے تک پوچھ گچھ کی گئی۔ منگل کے روز شام 6 بجے بلا کر رات 1 بجے جانے دیا گیا۔
بدھ کے روز ناظم آباد ریسٹورنٹ جانے کے لیے سرسید تھانے میں دوپہر 3 بجے طلب کیا گیا، جہاں احمد ٹیم کے ہمراہ شام 6 سے 9 بجے تک دکان پر رہے اور پھر رات 11 بجے گھر گئے۔
گزشتہ روز احمد بھر دے کو سہ پہر 4:30 بجے این سی سی آئی اے کے دفتر بلایا گیا، جہاں سے تفتیشی حکام انہیں شام 7:30 بجے تیموریہ تھانے منتقل کر گئے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج احمد کو باضابطہ طور پر جے آئی ٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا، اور تمام شواہد کی روشنی میں ان کی گرفتاری یا ریمانڈ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ کیس کی تفتیش انتہائی تیزی سے جاری ہے۔
