غیرملکی ایئرلائنز کی جانب سے ٹکٹوں کی فروخت کے ذریعے پاکستان سے سالانہ 2.4 ارب ڈالر بیرون ملک منتقل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
فضائی ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی اربوں ڈالر کی آمدن پاکستانی مالیاتی نظام سے باہر رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ایئرکرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن نے پاکستان میں آپریٹ کرنے والی تمام ایئرلائنز کا گزشتہ پانچ سال کا فارنزک ٹیکس آڈٹ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بانی ایسوسی ایشن عمران اسلم خان نے وفاقی وزیر خزانہ کو خط لکھ دیا۔
عمران اسلم خان کا کہنا تھا کہ آف شور پیمنٹ گیٹ ویز کے ذریعے ایئرلائن ٹکٹوں کی فروخت پر مبینہ ٹیکس چوری کے خدشات موجود ہیں، اس لیے وزیر خزانہ فوری مداخلت کریں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان آنے اور جانے والی پروازوں کے ٹکٹوں کی ادائیگیاں صرف اسٹیٹ بینک کے ریگولیٹڈ پیمنٹ گیٹ ویز کے ذریعے کی جائیں، تمام ایئرلائنز کی ٹکٹوں کی فروخت پر ایف بی آر کے ذریعے براہِ راست ٹیکس وصول کیا جائے، جبکہ مسافروں اور ٹکٹوں کی فروخت کا مکمل ریکارڈ بھی ایف بی آر کو فراہم کیا جائے۔

