غزہ: غزہ اسپورٹس کلب کے 20 سالہ فٹبالر محمود عبدالمالک اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں جام شہادت نوش کرگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان فٹ بالر چند روز قبل ہی ایک ایسے ٹورنامنٹ میں شریک ہوئے تھے جو اکتوبر 2023 سے اب تک جاں بحق ہونے والے ایک ہزار سے زائد فلسطینی کھلاڑیوں کی یاد میں منعقد کیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق نوجوان فٹبالر محمود عبدالمالک نے ٹیم کو دوسری پوزیشن دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
دوسری جانب جنگی جنون میں مبتلا اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو ایک بار پھر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران کے خلاف بڑی فوجی کارروائی کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے لگے ہیں۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز اور اسرائیلی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا کہ ایران کے معاملے پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ایک فون کال کے دوران صورتحال اس قدر کشیدہ ہو گئی کہ ان میں شدید تلخ کلامی اور چیخ و پکار تک نوبت آگئی۔
اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ کو ایران کے خلاف بڑی جنگی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا اور دعویٰ کیا کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

