لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جہلم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر زہسپتال میں کیتھ لیب پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازنے ڈی ایچ کیو جہلم کیتھ لیب میں وارڈ،سیمی موڈ یلر،آپریشن تھیٹر اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا، کیتھ لیب کے سٹور میں ادویات اور انجکشن وغیر ہ کامعیار اور ایکسپائری چیک کی، کنسول روم سے لائیو انجیوگرافی کا مشاہدہ کیا اور کیتھ لیب میں انجیوپلاسٹی کے بعد رو بہ صحت مریضوں کی عیادت کی۔
دبئی کے ڈرائیور شہزاد نوید نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دل کی تکلیف ہونے پر دبئی سے مفت علاج کیلئے پاکستان آیا۔ کئی سال بعد آیاتوپاکستان پہلے جیسا نہیں لگ رہا بہت بہتر ہے۔ فیصل آباد میں ایک ہفتے بعد کاٹائم ملا، بہن کے کہنے پر جہلم آیا، فوری طور انجیو پلاسٹی کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے ہر ہسپتال میں انجیو پلاسٹی کیلئے 24گھنٹے سے زیادہ ٹائم نہ دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ جہلم کے عوام کو دل کے علاج کے لیے اب دوسرے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔انجیوگرافی، انجیوپلاسٹی، ای سی جی، جدید آپریشن تھیٹر، وینٹی لیٹرز سے آراستہ اس کیتھ لیب میں 2400مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔ میری کوشش ہے کہ پنجاب کے کسی بھی ہسپتال میں انجیوپلاسٹی کے لیے مریض کو انتظار نہ کرنا پڑے۔گھر کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات ہر شہری کا حق ہے۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جہلم میں زاہدہ بی بی کو نئے گھر کی مبارکباد دینے پہنچ گئیں۔ جہلم کے علاقے نیو آبادی اسلام پورہ کی زاہدہ بی بی نے اپنی چھت،اپنا گھر سکیم لون سے 4 مرلہ مکان بنایا۔ وزیراعلیٰ نے زاہد ہ بی بی اور ان کی فیملی کے ساتھ ملکر گھرکا باقاعدہ افتتاح کیا اور فیملی سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے زاہدہ بی بی سے گھر کی تعمیر کے بارے میں دریافت کیا تو زاہدہ بی بی آبدیدہ ہوگئیں۔ وزیراعلیٰ نے زاہدہ بی بی، بچوں سے شفقت کا اظہار کیا اور قائد محمد نواز شریف کا سلام بھی دیا۔ زاہدہ بی بی نے بتایا کہ دن رات کھڑے ہوکر گھر بنوایا، دن کو مزدور اور رات کو ہم خود کام کرتے۔ دل چاہتا ہے کہ مریم نواز کو کھڑے ہوکر سیلوٹ کروں، انہوں نے ہمیں چھت دی۔نواز شریف صاحب اور ان کی فیملی سے دلی لگاؤ ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کو ساگ اور آلو کی بھجیاں پیش کی گئی تو رغبت سے کھانا کھائی اور تعریف کی۔ وزیراعلیٰ نے دیسی آٹے کی خستہ روٹی بھی پسند کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا موقع دیا جب کوئی گھر بنتا ہے تو دلی خوشی ہوتی ہے۔ اپنی چھت،اپنا گھر پنجاب ہی نہیں پاکستان کا سب سے بڑا لوکاسٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ ہے۔اپنی چھت،اپنا گھر کی افادیت اور انفرادیت کو عالمی سطح پر بھی سراہا جارہا ہے۔

